22 مئی ، 2021
سپر ہٹ ڈرامہ سیریل خدا اور محبت کے تیسرے سیزن میں بے باک اور اکھڑ جاگیردار کا کردار نبھانے والے سہیل سمیر نے اپنی حقیقی زندگی سے متعلق کچھ انکشاف کیے ہیں۔
سہیل سمیر کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی کامیابی پر کبھی فخر یا غرور محسوس نہیں کیا کیونکہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ یہ سب اللہ کی جانب سے عطا کردہ تحفہ ہے، میرا اس میں کوئی کمال نہیں۔
سہیل سمیر نے ایک ویب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ حقیقی زندگی میں وہ کافی شرمیلے ہیں، انہیں ہمیشہ سے ہی اسکرین کا سامنا کرتے ہوئے خوف محسوس ہوتا تھا۔
اداکار نے اپنی ذاتی زندگی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ لاہور سے تعلق رکھتے ہیں، انہیں پڑھنے کا بالکل شوق نہیں تھا جس کی وجہ سے ان کے تایا انہیں راولپنڈی لے گئے اور وہاں اسکول میں داخلہ کروایا۔
ان کا کہنا تھا کہ گریجویشن کے بعد اپنا بزنس شروع کیا جس میں کامیابی نا مل سکی، پھر ماڈلنگ کی آفر ہوئی تو حیرانی کی انتہا نہ رہی کہ بھلا وہ کیسے ماڈلنگ کرسکتےہیں۔
سہیل سمیر نے اعتراف کیا کہ انہیں ڈراموں میں اداکارہ سویرا ندیم نے متعارف کروایا۔