23 مئی ، 2021
بھارتی رئیلٹی شو بگ باس سیزن 14 کی فاتح اداکارہ روبینہ دلیک نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں بھی خطروں کے کھلاڑی کی آفر ہوئی تھی لیکن انہوں نے انکار کردیا۔
روبینہ دلیک نے یہ انکشاف بھارتی میڈیا کو دیے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شوہر ابھینو شکلا کے ساتھ مجھے بھی رئیلٹی شو خطروں کے کھلاڑی میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی لیکن میں یہ آفر ڈرامے ’شکتی‘ کی شوٹنگ کے باعث قبول نہ کرسکی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر میں شو کی شوٹنگ کیلئے جنوبی افریقا چلی جاتی تو ڈرامہ کیلئے وقت پر واپس نہیں آسکتی تھی اور پھر میں کورونا کا بھی شکار ہوگئی تھی۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ شو میں شرکت نہ کرنے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ میں کیڑے مکوڑوں کو ہاتھوں میں نہیں لے سکتی۔
شوہر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ میرے خیال میں ابھینو اس خطروں کے کھلاڑی کیلئے بالکل درست انتخاب ہے، مجھے خوشی ہے کہ وہ اس کا حصہ ہے اسے ویسے بھی ایڈوانچر پسند ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کے معروف رئیلٹی شو خطروں کے کھلاڑی کے گیارہویں سیزن کی شوٹنگ آج کل جنوبی افریقا میں ہورہی ہے۔ اس شو میں ابھینو شکلا سمیت بگ باس سیزن 14 کے فائنلسٹ نکی تمبولی اور راہول ویدیا بھی شامل ہیں۔