23 مئی ، 2021
وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی جبکہ وزیراعلیٰ نے جہانگیر ترین گروپ سے ملاقات اور ان کے مطالبات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ ترین گروپ کے جائز مطالبات تسلیم ہوں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کررہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں اس پر اتفاق کیا گیا کہ تحقیقات کے دوران حکومت غیر جانبدار رہے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں معاشی صورتحال، آزاد کشمیر انتخابات، بجٹ اور احتساب کے معاملے پر گفتگو کی گئی۔
ذرائع نے بتایاکہ اجلاس میں وزیراعظم کو ترین گروپ سے ہونے والی ملاقات پر وزیراعلیٰ پنجاب نے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق کورکمیٹی اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ جائز مطالبات تسلیم ہوں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ احتساب کا عمل جاری رہے گا اور کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ حکومت جاتی ہے تو جائے کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے نامزد گروپ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی تھی جس میں عثمان بزدار نے اراکین کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔