21 مئی ، 2021
لاہور: تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے نامزد گروپ کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہوئی جس میں عثمان بزدار نے اراکین کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
جیونیوز کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کے لیڈر سعید اکبر نوانی، نعمان لنگڑیالم اجمل چیمہ، عون چوہدری، عمر آفتاب، نذیر چوہان اور زورا وڑائچ شامل تھے۔
جہانگیر ترین گروپ کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر عثمان بزدار نے انہیں تحفظات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی جب کہ اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٗ پنجاب کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور میرے دروازے آپ سب کےلیے کھلے ہیں، کبھی کسی سے ناانصافی کی اور نہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں، آپ کے جائز تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا، ہماری پارٹی کا نام تحریک انصاف ہے اور ہم انصاف کی عمل داری پر یقین رکھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اکبر نوانی نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ حقیقت ہے، پہلے بھی کہا تھا افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں ہم نے کھل کر بات کی، بجٹ بھی ڈسکس کیا، ہم حکومت کے ساتھ ہیں اور وزیراعلیٰ سے جو بات ہوئی اس پر مکمل مطمئن ہیں۔
سعید نوانی کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے تھے کہ شفاف انکوائری ہوئی اس کا جو بھی نتیجہ آئے گا قبول ہوگا۔
ترین گروپ کے رکن نعمان لنگڑیال نے کہا کہ آج ہمارا وفد وزیراعلیٰ سے ملا ہے، وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ جہانگیر ترین سے ناانصافی نہیں ہوگی، ہم پی ٹی آئی کا حصہ تھے ، ہیں اور رہیں گے۔
گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے پنجاب حکومت پر انتقامی کارروائیاں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوبائی حکومت دباؤ ڈال رہی ہے اس لیے اسمبلی میں آواز اٹھانے کے لیے گروپ بنایا۔
واضح رہےکہ جہانگیر ترین کے معاملے پر وزیراعظم نے گزشتہ ماہ ان کے ہم خیال گروپ سے ملاقات کی تھی اور وزیراعظم نے معاملات کی تحقیقات کی ذمہ داری علی ظفر کو سونپی تھی۔