31 مئی ، 2021
اسلام آباد: حکومت نے فائزر کمپنی کی ایم آر این اے ویکسین خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزارت صحت کے حکام کے مطابق پاکستان فائزر سے ایم آر این اے ویکسین کی 10 لاکھ ڈوزز خریدے گا جو بذریعہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خریدی جائیں گی جب کہ فائزر نے ویکسین فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
حکام کا کہناہےکہ پاکستان کو فائزر کی ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں جولائی یا اگست میں مل جائیں گی جب کہ ایم آر این اے ویکسین اسٹور کرنے کے لیے 23 الٹرا کولڈ چین فریزر خریدے جاچکے ہیں۔
وزارت صحت کے حکام نے مزید کہا کہ فائزر ویکسین خریدنے کے لیے معاہدہ نہیں ہوا البتہ بات چیت جاری ہے، فائزر کی ویکسین کمزور قوت مدافعت والے افراد کو لگائی جائے گی، 40 سال سے کم عمر بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو بھی فائزر کی ویکسین لگائی جائے گی۔
دوسری جانب فائزر کمپنی نے بھی حکومت پاکستان سے ویکسین سے متعلق بات چیت کی تصدیق کی ہے۔