دنیا
Time 05 جون ، 2021

فیس بک نے ٹرمپ کے اکاؤنٹس مزید 2 سال کے لیے معطل کردیے

فائل فوٹو

فیس بک نے سابق امریکی صدر ٹرمپ کے اکاؤنٹس مزید دو سال کے لیے معطل کردیے۔

فیس بک کی جانب سے سابق امریکی صدر ٹرمپ کے پہلے سے معطل شدہ فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ کی معطلی میں مزید 2 سال کی توسیع کردی گئی ہے جس کے بعد اب ان کے فیس بک اور انسٹاگرام کے اکاؤنٹس 2023 تک معطل رہیں گے۔

فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے ٹرمپ کو ان کی صدارت کے آخری ایام میں بلاک کیا تھا، سابق صدر نے امریکی پارلیمنٹ کیپٹل ہل پر حملہ کرنے والے افراد کی حمایت کی تھی جس کے بعد ان کے فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور یوٹیوب اکاؤنٹس کو بھی غیر معینہ مدت کے لیے معطل کیا گیا۔

اس حوالے سے فیس بک کا کہنا ہےکہ امریکی پارلیمنٹ پر حملے کے بعد ٹرمپ کا رد عمل قوانین کی سنگین خلاف ورزی تھا۔

فیس بک نے مزید کہا کہ وہ اب سیاستدانوں کو خبروں میں اپنی اہمیت زندہ رکھنے کے لیے بیانات کی بنیاد پر مزید نامناسب مواد کو پھیلانے کی سہولت نہیں دے گا۔

ٹرمپ کے حوالے سے فیس بک کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ سابق امریکی صدر پر عائد پابندی کا نفاذ ان کے اکاؤنٹس کی ابتدائی معطلی کی تاریخ 7 جنوری سے ہی ہے۔

دوسری جانب فیس بک کے اقدام پر سابق امریکی صدر نے رد عمل میں کہا کہ یہ ان لاکھوں امریکیوں کی توہین ہے جنہوں نے انہیں گزشتہ سال صدارتی انتخابات میں ووٹ دیا۔

مزید خبریں :