پاکستان
07 اکتوبر ، 2012

جتنے ڈرون حملے ہونگے اتنی ہی امریکا کیخلاف نفرت پیدا ہوگی، عمران خان

جتنے ڈرون حملے ہونگے اتنی ہی امریکا کیخلاف نفرت پیدا ہوگی، عمران خان

ٹانک … پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ڈرون حملے قابل مذمت اور عالمی قوانین و انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں، جتنے ڈرون حملے کئے جائیں گے اتنی ہی امریکا کے خلاف نفرت پیدا ہوگی، حکومت دہری پالیسی بند کرے اور عوام سے سچ بولے، آصف زرداری سونامی سے ڈرو، سونامی اگر وزیرستان جاسکتی ہے تو اسلام آباد بھی آسکتی ہے، بہت جلد تبدیلی کیلئے اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے، آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کلین سوئپ کرے گی، مولانا فضل الرحمان وہ ہیں جو نا کھیلتے ہیں نا کھیلنے دیتے ہیں، امن مارچ میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، قبائلی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے بیرون ملک سے نمائندے آئے ہیں، سب کچھ خیریت سے ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، جان کے خطرے کے باوجود لوگ ہمارے ساتھ آئے۔ ٹانک میں جلسے اور وزیرستان امن مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ کوئی سیاسی پارٹی تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتی، اپنے تمام کارکنوں پر مجھے بہت فخر ہے، اگرکسی سیاسی پارٹی کے کارکنوں کو وزیرستان جانے کا کہا جاتا تو وہ نہیں آتے، ڈرون حملے انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، ان کی شدید مذمت مذمت کرتے ہیں، جتنے ڈرون حملے کئے جائیں گے، اتنی ہی امریکا کے خلاف نفرت پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہری پالیسی بند کرے اور عوام سے سچ بولے، حکمران امریکا سے کچھ اور عوام سے کچھ اورکہتے ہیں، حکومت ڈرون حملوں میں مرنے والوں کے نام بتائے، قبائلی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے بیرون ملک سے نمائندے آئے ہیں، امن مارچ میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے اپنا خوف نہیں تھا مجھے امن مارچ کے شرکاء کا خوف تھا، جان کے خطرے کے باوجود لوگ ہمارے ساتھ آئے، سب کچھ خیریت سے ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ سربراہ پی ٹی آئی نے کہا کہ آصف زرداری سونامی سے ڈرو، کارکن خوف کے بغیر وزیرستان آسکتے ہیں تو اسلام آباد بھی جائیں گے، بہت جلد اسلام آباد کیلئے کال دوں گا، جلد اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ خطاب ختم کرنا تھا مولانا یاد آگئے، انہوں نے ہمیں ڈرانے کی بہت کوشش کی، کبھی عوام کی خدمت نہیں کی، مولانا فضل الرحمان اگر آپ نے خود عوام کی خدمت نہیں کرنی تو ہمیں موقع دیں، مولانا فضل الرحمان آپ وہ ہیں جو نا کھیلتے ہیں نا کھیلنے دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے نام پر بے قصورلوگ پکڑے ہوئے ہیں، وزیرستان کے لوگوں نے کبھی کسی کے سامنے اپنا سر نہیں جھکایا، پوری دنیا میں وزیرستان کی آواز پہنچادی۔ عمران خان نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کلین سوئپ کرے گی، ہم انگریزوں کا بنایا ہوا ایف سی آر قانون ختم کردیں گے، ہماری حکومت وزیرستان میں خوشحالی لائے گی، یہاں کے عوام سے محبت کا رشتہ قائم کریں گے۔

مزید خبریں :