09 جون ، 2021
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے فوجی اڈے امریکا کو دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) بالکل بچوں کی طرح لڑ رہے ہیں، بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ پیپلزپارٹی کو سندھ قوم پرست جماعت بنانے پر تل گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) صرف جی ٹی روڈ کی پارٹی بن کر رہ گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بھی کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکا کو فوجی اڈے دینےکے لیے صاف انکار کردیاہے۔
جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اڈوں کا تو سوال ہی نہیں، فوجی اڈوں کی تلاش امریکا کی خواہش اور تلاش ہوسکتی ہے لیکن ہم نے اپنا مفاد دیکھنا ہے۔