Geo News
Geo News

Time 10 جون ، 2021
دنیا

کینیڈا میں جاں بحق پاکستانی خاتون دہشتگردی کو تعلیم کے ذریعے ختم کرنےکے حق میں تھیں

کینیڈا میں دہشت گردی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے 4 افراد میں سے ایک مدیحہ سلمان صحافی بھی تھیں جو کہ پاکستان میں  آرمی پبلک اسکول جیسے دہشت گردی کے واقعات کا مقابلہ کرنےکے لیے ملک میں بہت سے اسکول قائم کیے جانےکے حق میں تھیں۔

44 سالہ مدیحہ سلمان، سلمان افضال کی اہلیہ تھیں اور یہ دونوں میاں بیوی دہشت گردی کے  واقعے میں جاں بحق ہوئے۔

 مدیحہ سلمان   کا ایک آرٹیکل سوشل میڈیا میں شیئر کیا جا رہا ہے جس میں انھوں نے کینیڈا کے اخبار 'دا لنک' میں  ایک آرٹیکل لکھا اور ایک جوڑے کا تعارف کرایا  جو اے پی ایس کے 141 شہیدوں کے نام پر پاکستان میں 141 اسکول قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

 ٹورنٹو میں مقیم ذکی پٹیل اور ان کی اہلیہ سعیدہ نے 141schools.org نامی ویب سائٹ قائم کی تھی اور پاکستان میں اسکول بنانے کے لیے دا سٹیزن فاونڈیشن نامی تنظیم کے ساتھ مل کر کام کر رہے تھے۔ 

ان ہی کے مقصد کی حمایت کرتے ہوئے مدیحہ سلمان نے لکھا تھا کہ تعلیم ہی ذہن میں وہ بصیرت پیدا کرتی ہے جس سے انسان دہشت گردی کے مقابلے میں کھڑا ہو سکتا ہے اور تعلیم ہی سے ہم پاکستان اور دنیا بھر میں مثبت تبدیلی لاسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل کینیڈا میں اسلامو فوبیا کے شکار دہشت گرد نے پاکستانی خاندان کے 4 افرادکو ٹرک تلے روند ڈالا تھا۔

واقعہ کینیڈا کےشہر لندن اونٹاریو میں پیش آیا  تھا،جاں بحق افراد میں عمر رسیدہ ماں، فزیوتھراپسٹ بیٹاسلمان، بہومدیحہ  اور کمسن پوتی جاں بحق ہوئی جب کہ 9 برس کا پوتا شدید زخمی ہوا۔