Time 12 جون ، 2021
انٹرٹینمنٹ

فردوس جمال کے بیان پر وسیم عباس نے ماہرہ خان کی حمایت کردی

ماہرہ خان پاکستان کا چہرہ ہیں، وسیم عباس_____فوٹو فائل

ماہرہ خان اور فردوس جمال کے معاملے پر بات کرتے ہوئے سینئر اداکار وسیم عباس کا کہنا ہے کہ ماہرہ سے متعلق فردوس جمال کو اس طرح کے الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہیے تھے۔

کچھ سال قبل پاکستان شوبز انڈسٹری میں ایک تنازع نے اس وقت سر اٹھایا جب سینئر اداکار فردوس جمال نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران ماہرہ کو بطور ہیروئن کاسٹ کیے جانے پر تعجب کا اظہار کیا تھا۔

اب ایک ویب شو کو انٹرویو دیتے ہوئے وسیم عباس نے اس سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ماہرہ کو میں بہت بڑی اسٹار سمجھتا ہوں، وہ پاکستان کی ٹاپ اداکارہ ہیں جنہوں نے بیرونِ ملک پاکستان کی نمائندگی کی۔

وسیم عباس نے ماہرہ کو پاکستان کا چہرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماہرہ کسی بھی 18 یا 19 برس کی نئی اداکارہ اور ماڈل سے بہت زیادہ خوبصورت ہے، ہمیں کسی کی عمر کا تذکرہ ٹی وی پر بیٹھ کر نہیں کرنا چاہیے، اگر لوگ انہیں قبول کر رہے ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں پھر چاہے کسی کی عمر 60 سال ہی کیوں نا ہو۔

دوسری جانب وسیم عباس نے سوشل میڈیا صارفین کے فردوس جمال سے متعلق رد عمل کی بھی مذمت کی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ فردوس صاحب ایک سینئر اور بہترین اداکار ہیں، لوگوں کو عزت برقرار رکھنی چاہیے تھی، ان کے خلاف سوشل میڈیا پر ایک مہم چلائی گئی جو انتہائی غلط تھا۔

فوٹو فائل

یاد رہے کہ فردوس جمال نے 2019 میں نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی۔ ماہرہ خان سے متعلق پوچھے جانے والے سوال پر اداکار کا کہنا تھا ان کی عمر زیادہ ہے، اس عمر میں ہیروئنیں نہیں ہوتیں بلکہ ماں کے کردار کیے جاتے ہیں۔

اداکار نے مزید کہا تھا کہ اب کسی کو اچھا لگے یا برا، ماہرہ ہیروئن اسٹف نہیں ہیں جب کہ فردوس جمال نے ماہرہ کو درمیانی درجے کی ماڈل قرار دیا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین سمیت انڈسٹری کے کئی اداکاروں اور فنکاروں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ 

مزید خبریں :