ترک ڈراموں سے ہماری انڈسٹری بہتر ہوئی، اداکار سمیع خان کا دعویٰ

اگر کوئی بھی ڈرامہ پاکستان لایا جارہا ہے تو یہ لازم ہے کہ وہ معیاری ہونا چاہیے، سمیع خان — فوٹو فائل

اداکار سمیع خان نے اپنے بھائی و اداکار تیفور خان کے ہمراہ نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں ترک ڈراموں سے متعلق دلچسپ گفتگو  بھی کی۔

پروگرام میں سمیع خان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ ترک ڈرامے پاکستان میں دکھائے جانے کے خلاف ہیں؟ اس پر اداکار نے جواب دیا کہ میں ان ڈراموں کے خلاف ہوں اگر انہیں درست طرح سے امپورٹ نہیں کیا جارہا۔

سمیع خان نے کہا کہ کوئی بھی چیز بیرونِ ممالک سے درآمد کرنے پر کچھ شرائط لاگو ہوتی ہیں  جس طرح گاڑی اپنے ملک درآمد کروانے پر اس بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ اس کی قیمت سے مقامی انڈسٹری کو کوئی نقصان نا پہنچے بالکل اسی طرح ڈراموں میں بھی ہونا چاہیے۔

اداکار نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بھی ڈرامہ پاکستان لایا جارہا ہے تو یہ لازم ہے کہ وہ معیاری ہونا چاہیے۔

تیفور خان نے بھی اس حوالے سے مزاحیہ انداز میں کہا کہ لنڈے کے ڈرامے پاکستان نا لائے جائیں۔ 

تاہم دونوں بھائیوں نے شہرہ آفاق ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ کو بہترین ڈرامہ قرار دیا۔

ترک ڈراموں کے حوالے سے سمیع خان کا مزید کہنا تھا کہ باہر سے آنے والے ڈراموں سے ہمیشہ ہمارے ڈراموں کو فائدہ ہوا ہے اور  ترکش ڈراموں سے پاکستانی انڈسٹری بہتر ہوئی ہے لہٰذا باہر کے ڈرامے اچھے ہیں تو ضرور دکھائے جائیں۔

مزید خبریں :