دنیا
Time 14 جون ، 2021

چین کا جی 7 ممالک کو کرارا جواب

چین نے اپنے روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے کے مقابلے کےلیے امریکی منصوبہ منظورکرنے پر ترقی یافتہ ملکو ں کے گروپ جی سیون کو کرارا جواب دے دیا۔

لندن میں چینی سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چین سمجھتا ہےکہ چھوٹے، بڑے، مضبوط، کمزور، امیر اور غریب تمام ملک برابر ہیں اور عالمی امور پر فیصلے تمام ممالک کی مشاورت کے بعد ہونے چاہئیں۔

 چینی سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ دن گئے جب 'چھوٹے' ملکوں کے گروہ دنیا کی قسمت کا فیصلہ کیا کرتے تھے۔

 جی سیون ممالک کاامریکا کے"Build Back Better World" منصوبے پر اتفاق 

جی سیون ممالک نےامریکا کے’Build Back Better World‘ منصوبے پر اتفاق کیا تھا تاہم  چین کی جانب سے یہ بیان بیلٹ اینڈ روڈ پروجیکٹ کے مقابلے کے لیے امریکی منصوبے ’Build Back Better World‘ پر رد عمل میں سامنے آیاہے۔

امریکی منصوبے کے تحت ترقی پذیر ممالک میں چین کی سرمایہ کاری کا مقابلہ کرنے کے لیے جی سیون ممالک عالمی سطح پر انفراسٹرکچر پر پیسے خرچ کریں گے۔

چین سے کووڈ 19 کے سامنے آنے سے متعلق مزید تفتیش کے لیے عالمی ادارہ صحت کو اجازت دینے کا مطالبہ

فرانسیسی صدر نے امریکی منصوبے کا خیر مقدم  کیا ہے جب کہ  جی سیون رہنماؤں نے چین سے مطالبہ کیا کہ کووڈ 19 کے سامنے آنے سے متعلق مزید تفتیش کے لیے عالمی ادارہ صحت کو اجازت دی جائے۔

علاوہ ازیں امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکی انٹیلی جنس ایجنسیز کو حکم دیا ہےکہ وہ اس بات کی تحقیقات کریں کہ کورونا جانور کے ذریعے پھیلا یا کسی لیبارٹری حادثے کا نتیجہ ہے؟

4 کروڑ مزید لڑکیوں کی اسکولوں میں تعلیم کے حصول میں مدد کی جائے گی:بورس جانسن 

جی سیون اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کی مالی امداد کرنے، انفراسٹرکچر تعمیر کرنے اورغریب ممالک کوکورونا ویکسین کی ایک ارب مزید خوراکیں فراہم کرناکا وعدہ کیا گیا ہے۔

جی سیون اجلاس کے اختتام پر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ 4 کروڑ مزید لڑکیوں کی اسکولوں میں تعلیم کے حصول میں مدد کی جائے گی، بچوں خصوصاً لڑکیوں کو تعلیم یافتہ بناکر غریب ممالک کو غربت سے نکالا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں :