پاکستان

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ جمعے کو ہوگی

پاکستان کی ایوان زیریں (قومی اسمبلی) کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ جمعے کو ہوگی۔

گزشتہ دنوں اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی نظرانداز کرنے پر ڈپٹی اسپیکرکیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔

اب ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ جمعے کو ہوگی۔

اسمبلی قواعد کے مطابق تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ خفیہ رائے شماری سے ہوگی جبکہ 342 کے ایوان میں ڈپٹی اسپیکر کو ہٹانے کیلئے 172 ووٹ درکار ہوں گے۔

ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری کےخلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کیلئے بیلٹ پیپرچھپیں گے جن پر ’قرار داد کے حق میں‘ اور ’قراداد کی مخالفت میں‘ کے خانے بنائے جائیں گے۔ ووٹر کو متعلقہ خانے کے سامنے مختص کی گئی جگہ پر نشان لگانا ہوگا۔

رائے شماری خفیہ بیلٹ کے ذریعے ہو گی، اس میں صرف عدم اعتمادکرنے والے ارکان ہی حصہ لیں گے۔

ماہرین کے مطابق ’اوپن سیکرٹ رائے شماری کی وجہ سےڈپٹی اسپیکر کو ہٹانا تقریباً ناممکن ہوگا کیونکہ صرف اپوزیشن ارکان ہی ووٹنگ میں حصہ لیں گے اور انہیں 172  ارکان کی حمایت حاصل کرنا ہو گی۔

متحدہ اپوزیشن کے پاس قومی اسمبلی میں 163 ارکان ہیں جبکہ حکومت اور اس کے اتحادیوں کی تعداد 179 ہے۔

قواعدکےتحت ڈپٹی اسپیکرکے خلاف قرارداد پیش کرنے والے رکن کو ایوان میں بات کرنے کی اجازت ہوگی، ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری کو بھی ووٹنگ سے پہلے ایوان میں اظہارخیال کا موقع دیا جائے گا۔

قاسم سوری تاریخ میں پہلے ڈپٹی اسپیکر ہوں گے جن کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو گی۔

مزید خبریں :