خلیل الرحمان قمر کا نام سن کر غصہ آنے لگتا ہے: سونیا حسین

فوٹوفائل

اداکارہ سونیا حسین کا کہنا ہے انہیں معروف مصنف خلیل الرحمان قمر کی جانب سے عورتوں کے لیے لائیو شو میں کی گئی گفتگو پسند نہیں۔

اداکارہ حال ہی میں جیو نیوز کے پروگرام جشن کرکٹ کی مہمان بنیں اور دوران شو مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور  قادر مندوخیل کے مابین ہونے  والی حالیہ گرما گرمی سے متعلق گفتگو   کرتے ہوئے  سونیا حسین نے معروف لکھاری خلیل الرحمٰان قمر کو  بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

سونیا حسین کا کہنا تھا کہ خلیل الرحمان قمر کا عورتوں کے لیے نامناسب گفتگو  کرنا انہیں پسند نہیں کیوں کہ  لائیو شو میں شامل ہر شخص ذمہ دار ہوتا ہے لہٰذا ضروری ہے آپ اپنے نظریات خود تک محدود رکھیں ۔

اداکارہ نے کہا کہ خلیل صاحب کی پڑھائی ٹھیک ہے لیکن انہیں عورتوں کے حقوق کے حوالے سے بھی پڑھنے کی ضرورت ہے، عورتوں کو بھی اتنے ہی حقوق دیے گئے ہیں جتنا کہ مردوں کو دیے گئے ہیں، اس لیے انہیں خلیل الرحمٰان کا عورتوں کو بدنام  کرنا بالکل پسند نہیں۔

خلیل الرحمان قمر کے تحریر کردہ معروف ڈرامے کی پیشکش کے حوالے سے سونیا حسین کا کہنا تھا کہ انہیں ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو ‘کے لیے پیشکش کی گئی تھی اور اس کے بعد بھی آج تک ان کی جانب سے پیشکش آتی رہتی ہیں اور اس حوالے سے سچ وہی بتاسکتے ہیں۔

خلیل الرحمان کی جانب سے اداکارہ کے حوالے سے کیے گئے تبصرے سے متعلق سونیا حسین کا کہنا تھا کہ مجھے اب خلیل الرحمٰان قمر کا نام سن کر غصہ آنے لگتا ہے، وہ ایک لکھاری ہیں لہٰذا ان کے پاس ڈرامے کے لیے کاسٹ منتخب کرنے کا کوئی حق نہیں۔

واضح رہےکہ خلیل الرحمان قمر  نے کہا تھا   کہ اداکارہ سونیا حسین کا اتنا معیار نہیں کہ وہ  ان کے اسکرپٹ پر کام کرسکیں۔

مزید خبریں :