دنیا
Time 19 جون ، 2021

جنوبی افریقی خاتون کے ہاں 10 بچوں کی پیدائش کا دعویٰ جھوٹ نکلا

گزشتہ دنوں جنوبی افریقا میں ایک خاتون کے ہاں 10 بچوں کی پیدائش کی خبر نے عالمی سطح پر سرخیاں بٹوری تھیں— فوٹو:فائل 

جنوبی افریقا کی 37 سالہ خاتون گوسیامی تھمارا سیٹھولے کے ہاں ایک ساتھ 10 بچوں کی پیدائش کا دعویٰ جھوٹ نکلا۔

گزشتہ دنوں جنوبی افریقا میں ایک خاتون کے ہاں 10 بچوں کی پیدائش کی خبر نے عالمی سطح پر سرخیاں بٹوری تھیں اور اسے ایک ساتھ سب سے زیادہ بچوں کی پیدائش کا ریکارڈ قرار دیا گیا تھا۔

خاتون نے 7 بیٹے اور 3 بیٹیوں کی پیدائش کا دعویٰ کیا تھا تاہم اب اس دعوے کا ڈراپ سین ہوگیا ہے اور یہ ایک فرضی کہانی نکلی ہے۔

جنوبی افریقا کے صوبہ خاؤتنگ کے حکام نے صوبے کے کسی بھی سرکاری اور پرائیویٹ اسپتال میں 10 بچوں کی پیدائش کے واقعے کی تردید کی تھی اور کہا تھاکہ اسپتالوں یا دیگر طبی مراکز میں ایسے کسی واقعے کا ریکارڈ نہیں ہے۔

اس حوالے سے بچوں کے والد نے بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک ساتھ 10 بچوں کی پیدائش دھوکہ ہے کیونکہ میں نے بچوں اور بیوی کو دیکھا ہی نہیں ہے۔

جھوٹے دعوے کے بعد گزشتہ دنوں ہی خاتون کر حراست میں لے لیا گیا تھا جہاں خاتون کا اسپتال میں طبی ونفسیاتی معائنہ کیا گیا۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ طبی معائنے کے دوران خاتون کے گزشتہ 2 ہفتوں میں حاملہ ہونے اور زچگی کے آپریشن کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔

جنوبی افریقی وزیر نے خاتون کے حوالے سے تحقیقات اگلے ہفتے تک مکمل ہونے کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :