22 جون ، 2021
سینئر اداکار جیکی شروف نے بالی وڈ فلم بوم کے فلاپ ہونے کے بعد پیش آنے والی معاشی مشکلات اور اس دوران کی جانے والی جدوجہد کا اظہار کیا ہے۔
جیکی شروف نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ اُس وقت انہیں اپنا گھر بیچنا پڑا اور قرض اتارنے کے لیے دگنی محنت کرنا پڑی تاہم اب انہوں نے ہر ایک کا قرض اداکردیا ہے۔
فلم فلاپ ہونے کے بعد گھر بیچنا پڑا اور قرض اتارنے کے لیے دگنی محنت کرنا پڑی
جیکی شروف کا کہنا تھا کہ میں جانتا تھا کہ ہم نے کچھ نیا کیا اور کچھ کھودیا اور مجھے اگر اس کی قیمت چکانی پڑی تو میں چکاؤں گا، میں نے زیادہ سے زیادہ کام کیا اور ہر ایک کا قرض اتارا تاکہ میری فیملی پر کوئی قرض باقی نہ رہے۔
بالی وڈ اداکار نے کہا کہ بزنس میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے اور یہ ضروری نہیں کہ ہم ہمیشہ اوپر ہی رہیں گے، ضرورت ہے تو بس اخلاقیات اور نفس کو برقرار رکھنے سے متعلق سیکھنے کی۔
بزنس میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے
جیکی شروف کا کہناتھا کہ اس دوران میرے بیٹے ٹائیگر اور بیٹی کرشنا کو کچھ نہیں پتا تھا، وہ بہت چھوٹے تھے اور ہم نے ان کو اس سب مشکلات سے دور رکھا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹائیگر نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ہمارے فروخت ہوئے گھر کو دوبارہ خرید کر دکھائے گا، مجھے اپنے بچوں پر فخر ہے۔
ٹائیگر نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ہمارے فروخت ہوئے گھر کو دوبارہ خرید کر دکھائیں گے
خیال رہے کہ بالی وڈ فلم بوم کو 2003 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس فلم سے ہی بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ کترینہ کیف نے انڈسٹری میں ڈیبیو کیا تھا، اس فلم کی پروڈیوسر جیکی شروف کی اہلیہ عائشہ شروف تھیں۔