24 جون ، 2021
کراچی کے علاقے کلفٹن میں فیصل بینک کا لاکر توڑ کر 250 تولے سونا چوری ہونے کے کیس کی تفتیش کے دوران بینک کے مزید 7 لاکرز ٹوٹے ہونے کا انکشاف ہوا ہے جن میں سے کروڑوں روپے مالیت کی غیرملکی کرنسی، سونا اور زیورات چوری ہوگئے ہیں۔
ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ محمد عمران مرزا کے مطابق کلفٹن کی رہائشی ڈاکٹر انیتا قاضی کی مدعیت میں درج ایف آئی آر نمبر 293/2021 کی تفتیش کے دوران انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کلفٹن میں زمزمہ اسٹریٹ پر واقع فیصل بینک کی برانچ کا دورہ کیا۔
پولیس کے مطابق اسٹرانگ روم کے معائنہ کے دوران دیگر تمام لاکرز چیک کیے گئے تو ان میں سے مزید لاکرز پہلے کی نوعیت کی واردات کی طرح ٹوٹے ہوئے پائے گئے، جن کے مالکان سے رابطہ کرنے کیلئے بینک کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
بینک ذرائع کے مطابق ان لاکرز میں کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی، سونا اور زیورات چوری کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ساتوں لاکرز کے نمبرز کی فہرست تیار کرلی گئی ہے، ان کے مالکان کو طلب کرکے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جمع کی جائیں گی جس کے بعد مزید مقدمات درج کیے جائیں گے۔
ایس پی عمران مرزا کے مطابق اسی برانچ میں کچھ عرصہ قبل لاکرز توڑے جانے اور اس سے ایک لاکھ ڈالر چوری ہونے کی واردات کا مقدمہ درج نہیں کرایا گیا۔ رواں سال اسی برانچ کا ایک اور لاکر توڑ کر 30 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی چوری ہوچکا ہے۔
ایس ایچ او کلفٹن پیر شبیر حیدر کے مطابق اس واردات کی ایف آئی آر بھی کلفٹن تھانے میں درج نہیں۔ ایس ایچ او کلفٹن کے مطابق ایک سال قبل بینک کی اسی برانچ میں آتشزدگی کا ایک واقعہ بھی ہوا تھا جس کی رپورٹ بھی تھانے میں درج نہیں۔
کلفٹن تھانے کے شعبہ تفتیش کے انچارج انسپکٹر ارشد جنجوعہ کے مطابق سونا چوری کیس کی مدعیہ انیتا قاضی کے مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں کل سے ملزمان کی تلاش کے لیے بیانات لینے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
ایس پی عمران مرزا کے مطابق بینک میں اس طرح کی بددیانتی اور بے ضابطگیوں کی ایف آئی اے کی جانب سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے کے تفتیشی افسر سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے کہ ان واقعات کے حوالے سے پیش رفت کو جانچا جا سکے۔