Time 25 جون ، 2021
پاکستان

ایف اے ٹی ایف کا پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 ایف اے ٹی ایف کا ورچوئل اجلاس 21 سے 25 جون تک پیرس میں جاری رہا جس میں پاکستان کے بارے میں ایشیا پیسیفک گروپ کی رپورٹ پر غور کیا گیا۔

ایف اے ٹی ایف کے مطابق  پاکستان گرے لسٹ میں برقرار رہے گا جبکہ پاکستان نے 2018 کے ایکشن پلان کے 27 میں سے 26 اہداف حاصل کرلیے ہیں۔

ایف اے ٹی ایف نے بتایا کہ پاکستان کی پیشرفت پر اطمینان ہے، پاکستان کو سزا کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔

ایف اے ٹی ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو آخری شرط سے منسلک 6 نکات پر عمل کرنا ہوگا۔

بعد ازاں ورچوئل پریس کانفرنس میں ایف اے ٹی ایف کے صدر ڈاکٹر مارکس پلیئرکا کہنا تھاکہ ہم تمام ممالک کو برابر سمجھتے ہیں، پاکستان کو تمام 27 اہداف حاصل کیے بغیر گرے لسٹ سے نہیں نکالا جا سکتا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کی قرارداد 1267اور1373 کے تحت نامزد دہشت گردوں پرمالی پابندیوں پر مؤثر عملدرآمد کرے۔

پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں صدر کا کہنا تھاکہ بھارت میں صورتحال کا جائرہ مکمل کیے بغیر جواب دینے کی پوزیشن میں نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ گرے لسٹ میں ہونے سے کوئی لیگل مشکلات نہیں ہیں، گرے لسٹ میں رہنے کا مطلب ہے کہ کچھ کمی ہے جس کو دور کرنا ہے، ایف اے ٹی ایف اکتوبر میں گائیڈ لائن جاری کرے گا۔

مزید خبریں :