Time 25 جون ، 2021
پاکستان

فیٹف نے پاکستان کو انسداد منی لانڈرنگ سے متعلق نیا ایکشن پلان دیا ہے، حماد اظہر

وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف ای ٹی ایف) کے فیصلے کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ فیٹف نے پاکستان کو نیا ایکشن پلان دیا ہے۔

حماد اظہر کا کہنا تھاکہ فیٹف نے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان کو نیا ایکشن پلان دیا ہے، نئے ایکشن پلان میں ایک سال میں عمل درآمد کا ہدف ہے جبکہ نیا ایکشن پلان انسداد منی لانڈرنگ سے متعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے نہیں نکلا لیکن پاکستان کی کارکردگی کو عالمی سطح پرنوٹ کیاگیا، پاکستان کو سب سے مشکل فیٹف ایکشن پلان ملاجس پر پاکستان نےعمل کیا اور آج ہماری کارکردگی کو تسلیم کیا جارہاہے۔

حماد اظہرکا کہنا تھاکہ بلیک لسٹنگ کا کوئی خطرہ نہیں، فیٹف نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے 27 میں سے 26 نکات پر عملدرآمد کرلیا ہے، فیٹف کا ایک نکتہ جو رہ گیا ہے اس کو بھی جلد مکمل کرلیں گے جبکہ گرے لسٹ سے نکلنےکیلئے ضروری ہے کہ دونوں ایکشن پلان مکمل کریں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ پاکستان بلیک لسٹ میں نہیں جائے گا بلکہ وائٹ لسٹ میں آجائے گا، گرے لسٹ میں رہنے سے مزید پابندیاں نہیں لگائی جائیں گی، فیٹف سےمتعلق پاکستان کے تمام اداروں نے بہترین اقدامات کیے۔ 

انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے تین چار ماہ میں ایکشن پلان مکمل کرنے کا ہدف ہے، پہلے والا ایکشن پلان انسداد دہشتگردی پر تھا اور اب اینٹی منی لانڈرنگ پرہے، اینٹی منی لانڈرنگ کا ایکشن پلان انسداد دہشت گردی کی نسبت آسان ہے اور پاکستان اینٹی منی لانڈرنگ پلان 12ماہ میں مکمل کرلے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ فیٹف چاہتا ہے کہ دہشتگردی کیلئے فنڈنگ کے خلاف ملک اقدامات کریں، فیٹف میں سب ملک مل کر ایک ملک کا جائزہ لیتے ہیں، بھارت کا اصلی چہرہ فیٹف کے پلیٹ فارم پر بری طرح بےنقاب ہوا، بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان کو فیٹف کے اندر سیاسی کیا جائے لیکن پاکستان ایف اے ٹی ایف حکام کے سامنے بھارت کے عزائم بتاتا رہتا ہے۔

حماد اظہر کا کہنا تھاکہ حکومت کا ہمیشہ مؤقف رہاکہ منی لانڈرنگ کےخلاف سخت قوانین بنائے جائیں، قانون سازی کسی ایک شخص کے خلاف نہیں سب کیلئے کی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید خبریں :