Time 28 جون ، 2021
پاکستان

جوہر ٹاؤن دھماکے کے دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا: وزیراعلیٰ پنجاب

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کے دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ 23 جون کو جوہر ٹاؤن کار بم دھماکے میں 3 افراد شہید اور 22 زخمی ہوئے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی نے 16 گھنٹے میں دھماکے میں ملوث افراد کا تعین کیا، دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دھماکے میں ملک دشمن ایجنسی ملوث تھی، دھماکے میں ملوث بین الاقوامی اور مقامی کرداروں کا تعین کر لیا گیا ہے۔

خواتین سمیت 10 افراد ہماری تحویل میں ہیں: آئی جی پنجاب

آئی جی پنجاب انعام غنی نے بتایا کہ ہم نے پورے نیٹ ورک کا پتا لگا لیا تھا اور ان کو گرفتار کرنا تھا، دھماکے میں ملوث 10 افراد ہماری تحویل میں ہیں جس میں خواتین بھی شامل ہیں، واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

انعام غنی کا کہنا تھا کہ ملک دشمن ایجنسی کے افراد کی نشاندہی کرلی گئی ہے، پورے نیٹ ورک کی تفصیلات چند گھنٹوں میں حاصل کی گئیں، ملک دشمن ایجنسی کو بہت سارے ایجنٹ مل جاتے ہیں جو اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں کرتے ہیں۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا ہدف پولیس کی چوکی تھی، پولیس اہل کار نے شک کی بنیاد پر گاڑی کو روکا اور گاڑی چیک کی تھی، جہاں دہشت گردی کا واقعہ ہوا اس کے قریب پولیس کی موبائل بھی کھڑی تھی، جس علاقے میں دھماکا ہوا وہاں پولیس کی تین چوکیاں تھیں۔

مزید خبریں :