29 جون ، 2021
مرحوم اداکار عرفان خان کے بیٹے بابیل نے اپنا کالج وسط میں ہی چھوڑ دیا۔
بابیل یونیورسٹی آف ویسٹ منسٹر لندن سے فلمی کورس کررہے تھے، انہوں نے فلم اسکول چھوڑنے کے بارے میں خود بھی ایک نوٹ سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔
بابیل نے اس نوٹ میں بتایا ہے کہ وہ اب صرف اداکاری پر ہی اپنی توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں لہٰذا انہوں نے فلم کورس کو درمیان میں ہی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے کالج کے دوستوں کو بھی اس نوٹ میں یاد کیا ہے۔
بابیل خان نے اپنے کالج کے دنوں کا ویڈیو کیمرہ سنبھالتے ہوئے اپنی کچھ تصاویر شیئر کیں اور وہاں کے دوستوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا، ’میرے ممبئی میں دو یا تین سے زیادہ دوست نہیں ہیں، میرے سچے دوستوں میں آپ لوگوں کو بہت یاد کروں گا، میں آج اپنی فلم بی اے کو وسط میں چھوڑ رہا ہوں‘۔
بابیل جلد ہی اداکارہ انوشکا شرما کے پروڈکشن ہاؤس 'کلین سلیٹ فلمز' اور او ٹی ٹی (اوور دی ٹاپ) میڈیا سروس پلیٹ فارم نیٹ فلکس کی تھرلر اور ہارر فلم 'قلا' سے ڈیبیو کرنے جارہے ہیں جس کی ہدایتکاری انویتا دت نے کی ہے۔
کچھ روز قبل بابیل نے اپنی پہلی فلم ’قلا‘ کے بعد ایک اور فلم سائن کرنے کا اعلان کیا تھا، یہ فلم پیکو کے ہدایتکار شوجیت سِرکار کے اشتراک سے بنائی جائے گی۔
شوجیت اس سے قبل بابیل کے والد عرفان خان کے ساتھ فلم 'پِیکو' بنا چکے ہیں جس میں دیپیکا پڈوکون اور امیتابھ بچن عرفان کے ساتھ اہم کرداروں میں نظر آئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس پراجیکٹ کا اعلان پروڈیوسر رونی لاہیری نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا ہے تاہم انہوں نے پراجیکٹ کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔