Time 30 جون ، 2021
پاکستان

پیٹرول 2 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔

وزرات خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے اضافہ کے بعد نئی قیمت 112 روپے 69 پیسے ہوگی۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 113 روپے 99 پیسے مقرر ہوگی۔

وزارت خزانہ کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جس کے بعد نئی قیمت 85 روپے 75 پیسے فی لیٹر  ہوگی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافے سے نئی قیمت 83 روپے 40 پیسے ہوگی۔

وزرات خزانہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے موجودہ مالی سال کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر 252 ارب 41 روپے کی سبسڈی دی اور یہ سبسڈی پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کم وصول کرکے دی گئی جبکہ بجٹ میں پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی 30 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔ 

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ تجویز کیا تھا لیکن وزیراعظم نے صرف 2 روپے فی لیٹر اضافے کی اجازت دی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ڈیزل فی لیٹر 3 روپے 44پیسے اضافے کی تجویز تھی لیکن صرف ایک روپیہ 44  پیسے فی لیٹر اضافے کی اجازت دی گئی ہے۔

مزید خبریں :