پاکستان
Time 01 جولائی ، 2021

ذلفی بخاری نے بلاول کیخلاف 100 ملین پاؤنڈ ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی ذلفی بخاری نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف 100 ملین پاؤنڈ کا ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا۔

ذلفی بخاری نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ قانونی ٹیم سےمشاورت کے بعد حالیہ غیر ذمہ دارانہ تبصرے پر بلاول کے خلاف ہتک عزت کی کارروائی کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول کو حقائق کا کچھ نہیں معلوم اور ناقص سمجھ کے باعث وہ کچھ جانتے بھی نہیں ہیں، بلاول اپنے بیان کو واپس لیتے ہوئے غلطی تسلیم کریں اور میڈیا کے سامنے معافی مانگیں۔

سابق معاون خصوصی کی جانب سے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حلف دیں کہ بلاول بھٹو زرداری اس طرح کے بدنامی پر مبنی ریمارکس نہیں دہرائیں گے۔

لیگل نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر بلاول بھٹو زرداری نے 14 روز میں معافی نہ مانگی تو پھر ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ذلفی بخاری کے اسرائیل کے خفیہ دورے سے متعلق خبریں میڈیا کی زینت بنی تھیں تاہم ذلفی بخاری نے اس قسم کی تمام خبروں کی سختی سے تردید کر دی تھی۔

مزید خبریں :