پاکستان
Time 04 جولائی ، 2021

عمران خان کہتے ہیں گھبراؤ نہيں، میں کہتا ہوں گھبراؤ انہیں بھگاؤ، شہباز شریف

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر  و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے  سوات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسہ عام میں وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

جلسہ عام سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پارلیمنٹ میں عمران کی سیٹ ایسے خالی ہوتی ہے جیسے عوام کی جیب خالی ہے، وہ کہتے ہیں گھبراؤ نہيں، میں کہتا ہوں گھبراؤ انہیں بھگاؤ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملکی معیشت برباد کردی، اتنی مہنگائی پہلے کبھی نہ تھی، اس نئے پاکستان سے تو پرانا پاکستان بہتر تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ہمارے لیپ ٹاپ پر یہ لوگ تنقید کرتے تھے، آج کورونا کے دنوں میں وہی لیپ ٹاپ طلبہ کے تعلیم جاری رکھنے کا سبب بنے۔

 ان کا مزید کہنا تھاکہ موقع ملا تو خیبر پختونخوا کو پنجاب سے آگے لے کر جائيں گے۔

پشاور بس رپیڈٹرانزٹ (بی آرٹی) پر طنز کرتے ہوئے لیگی صدر نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور پہلے چلتی ہے، پھر جلتی ہے، بی آر ٹی پشاور اگر ن لیگ کی لیڈر شپ بناتی تو لاہور کی میٹرو سروس سے پہلے مکمل کرلیتی۔

شہباز شریف نے مالم جبہ جانے کی خواہش کا اظہار بھی منفرد انداز سے کیا اورکہا کہ  میں مالم جبہ جانا چاہتا ہوں، مگر وہاں جانے سے ڈرتا ہوں، ایسا نہ ہو وہاں کرپشن کسی اور نے کی ہو اور نیب پھر مجھے دھرلے، ویسے بھی نیب نیازی کو بہت شوق ہے مجھے دھرنے کا۔

مزید خبریں :