05 جولائی ، 2021
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل فٹنس مسائل سے دوچار ہیں اور انگلینڈ کے خلاف پہلے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے حارث سہیل کے حوالے سے اپ ڈیٹ جاری کی ہے جس کے مطابق پاکستانی بلے باز حارث سہیل فٹنس مسائل سے دوچار ہیں، حارث سہیل بائیں ٹانگ میں درد محسوس کر رہے ہیں جس کے باعث وہ آج اور کل ٹریننگ سیشنز میں شریک نہیں ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق حارث سہیل نے تکلیف کے باعث دونوں انٹرا اسکواڈ میچز میں بھی حصہ نہیں لیا، ان کے ری ہیب کا آغاز کر دیا گیا ہے، ان کا ایم آر آئی اسکین کل کارڈف میں ہو گا اور اسکین رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد پہلے ایک روزہ میچ میں ان کی دستیابی کا فیصلہ ہو گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ حارث سہیل نے انگلینڈ پہنچنے کے بعد ٹریننگ سیشنز میں تو حصہ لیا تھا لیکن یکم جولائی کو ہونے والے پہلے انٹرا اسکواڈ میچ سے قبل ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حارث سہیل کی پہلے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں شرکت مشکوک ہے اور ان کی جگہ صہیب مقصود کو مڈل آرڈر میں موقع مل سکتا ہے۔