31 اکتوبر ، 2020
ایک دن کے وقفے کے بعد پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں ایک بار پھر دوسرے ون ڈے میں کل مدمقابل ہوں گی۔
پہلے معرکے میں میزبان ٹیم نے مہمانوں کو 26 رنز کے مارجن سے زیر کرکے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی تھی، اب اس سبقت کو فیصلہ کن نتیجے میں بدلنے کا بہترین موقع ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے دوسرے ایک روزہ میچ کیلئے پاکستان کے 15 رُکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
پہلے میچ میں 71 رنز کی اننگز کھیلنے والے حارث سہیل گروئن انجری کا شکار ہونے کے سبب ڈراپ کردیے گئے ہیں اور اُن کی جگہ نوجوان بلے باز حیدر علی کو شامل کرلیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ نائب کپتان شاداب خان بھی اسکواڈ میں شامل نہیں، وہ فٹ ہوگئے ہیں لیکن اُنہیں آرام کی غرض سے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
دوسری جانب زمبابوے کی ٹیم اس مقابلے کو جیت کر سیریز میں واپس آنے کی خواہشمند ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان یہ مقابلہ کل دن 12 بجے شروع ہوگا۔