Time 06 جولائی ، 2021
کاروبار

اوپیک مذاکرات منسوخ: خام تیل کی قیمت اوپر جاکر پرانی سطح پر آگئی

تیل کی پیداوار میں اضافے سے متعلق ہونے والے مذاکرات سعودی عرب اور متحدہ عرب امارت کےدرمیان اختلافات کی وجہ سے منسوخ ہوئے —فوٹو فائل
تیل کی پیداوار میں اضافے سے متعلق ہونے والے مذاکرات سعودی عرب اور متحدہ عرب امارت کےدرمیان اختلافات کی وجہ سے منسوخ ہوئے —فوٹو فائل

پیٹرولیم برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک)  کے مذاکرات کی منسوخی کے بعد برطانوی خام تیل برینٹ کی عالمی قیمت میں اچانک اضافہ ہوگیا تاہم کچھ دیر بعد قیمت واپس نیچے آگئی۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق  تیل کی پیداوار میں اضافے سے متعلق ہونے والے مذاکرات سعودی عرب اور متحدہ عرب امارت کےدرمیان اختلافات کی وجہ سے منسوخ ہوئے۔

متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب تیل کی پیداوار بڑھانے سے متعلق شرائط پر متفق نہ ہوسکے جس کی وجہ سے مذاکرات بےنتیجہ رہے۔

مذاکرات منسوخ ہونے کی خبر آتے ہی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں اوپر چلی گئیں تاہم کچھ دیر بعد قیمتیں پرانی سطح پر آگئیں۔

مذاکرات منسوخی کے بعد برینٹ کروڈ آئل اکتوبر 2018 کی بلند ترین سطح 77.84ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا تاہم کچھ دیر بعد یہ 74.73 ڈالر فی بیرل پر واپس آگیا۔

اس کے ساتھ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت بھی نومبر 2014 کے بعد کی بلند ترین سطح 76.98 ڈالر فی بیرل پر چلی گئی تھی جو بعد میں 73.63 ڈالر پر آگئی۔