06 جولائی ، 2021
ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اورکیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی احتساب عدالت سے سزا کے خلاف اپیلوں پر باقاعدہ سماعت 15 جولائی سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں شروع ہوگی۔
جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔
مریم نوازکے وکیل امجد پرویزنے کہا کہ کورونا وائرس کا شکار رہنےکی وجہ سے تکلیف میں ہوں ، دلائل کے لیے زیادہ وقت درکار ہے، تین ہفتوں کی مہلت دی جائے ۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا اپیلوں پر بہت زیادہ تاخیر نہیں کرسکتے، آئندہ ہفتےکی تاریخ دیتے ہیں اور اس کو شروع کرتے ہیں، پتہ چل جائے کہ کیا چارج ہے؟ کتنے گواہ ہیں؟ ہر ہفتے ایک دن اپیلوں کےلیے رکھ دیں گے۔اپیلوں پر سماعت 15 جولائی کو ہوگی۔
دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب ) نے ایون فیلڈ اپیلوں کے لیے نئی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
خیال رہے کہ ایون فیلڈریفرنس میں سزا کے خلاف نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر نے اپیل دائر کررکھی ہے.