پاکستان
14 فروری ، 2012

وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس،وزیر اعظم کی عدالت میں پیشی کو سراہا گیا

وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس،وزیر اعظم کی عدالت میں پیشی کو سراہا گیا

اسلام آباد…وفاقی کابینہ نے خصوصی اجلاس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں پیشی کے وقت طرزعمل کو سراہتے ہوئے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکیاہے۔ وزیراعظم کاکہناہے کہ وہ احترام سے کہتے ہیں کہ تمام اداروں کو حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔اسلام آبادمیں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بیسویں آئینی ترمیم کے مسودے کا جائزہ لیتے ہوئے اسے پارلیمنٹ میں منظوری کیلئے بھجوانے پربھی غورکیا گیا۔ ابتدائی سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ اجلاس سے خطاب میں کہناتھاکہ وہ پارلیمنٹ، کابینہ ارکان اور اتحادیوں کی وجہ سے وزیراعظم ہیں اورتمام اداروں کامکمل احترام کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وزراء اپنی صلاحیت اور کارکردگی کو بڑھائیں۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں9 نکاتی ایجنڈا بھی زیر غور ہے، اس میں ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق ، بھارتی سے تجارت کے امور شامل ہیں۔ ادارہ فیشن ڈیزائن کے قانون میں ترمیم، سابق ریاستوں کے امور بھی کابینہ کے ایجنڈا کاحصہ ہیں۔بھارت کے ساتھ تجارت کیلئے منفی اشیاء کی فہرست میں کمی کی سفارشات پربھی غورکیاجارہاہے۔تجارتی اشیاء کے معیار سے متعلق دونوں ممالک میں ایم او یو کی توثیق بھی کابینہ ایجنڈا کاحصہ ہے۔ وفاقی کابینہ کے ارکان ملک کی مجموعی صورت حال ، سیاسی موضوعات، امن و امان کے حالات اور وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کے معاملات پر بھی غورکررہے ہیں۔

مزید خبریں :