کھیل
Time 09 جولائی ، 2021

بابر اعظم ، ہاشم آملہ کا ریکارڈ توڑنے کے لیے ناممکن کو ممکن کرسکیں گے؟

انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہوکر ایک اہم اعزاز سے دور ہوگئے— فوٹو: فائل
انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہوکر ایک اہم اعزاز سے دور ہوگئے— فوٹو: فائل

انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہوکر ایک اہم اعزاز سے دور ہوگئے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم جو اس وقت ون ڈے کرکٹ کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں انگلینڈ کیخلاف پہلے میچ سے قبل ون ڈے کرکٹ کے 80 میچز کی 78 اننگز میں 3808 رنز بنا چکے تھے اور انہیں مزید 2 اننگز میں 192 رنز اسکور کرنے تھے جس کے بعد وہ دنیا کے تیز ترین 4000 رنز مکمل کرنے والے بیٹسمین بن جاتے۔

لیکن پہلے ون ڈے میں صفر پر آؤٹ ہوکر بابر اعظم نے اسے مشن امپاسیبل بنادیا، اب انہیں اسے ممکن بنانے کے لیے ایک اننگز میں 192 رنز بنانے ہوں گے جو بظاہر مشکل نظر آتا ہے۔

اس وقت ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 4000 رنز بنانے کا ریکارڈ جنوبی افریقا کے کھلاڑی ہاشم آملہ کے پاس ہے جنہوں نے یہ ریکارڈ 84 میچز کی 81 اننگز میں اپنے نام کیا تھا۔ بابر اعظم کے میچز تو کم ہیں لیکن انگلینڈ کیخلاف دوسرے ون ڈے میں بابر اعظم کیریئر کی 80 ویں اننگز کھیل رہے ہوں گے۔

تیز ترین 4000 رنز بنانے ولی فہرست میں جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ کے ساتھ ،ویسٹ انڈیز کے سر ویوین رچرڈز،انگلینڈ کے جوئے روٹ اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھی شامل ہیں ۔

ووین رچرڈز نے 96 میچز کی 88 اننگز میں یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا جبکہ انگلینڈ کے جوئے روٹ نے 97 میچز کی 91 اننگز میں 4000 رنز اسکور کیے تھے اوراگر ہم بات کریں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی تو انہوں نے 96 ون ڈے میچز کی 93 اننگز میں 4000 رنز مکمل کیے تھے۔

بابر اعظم کے پاس اس وقت ایک سنہری موقع ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 192 رنز بنائیں اور ان بہترین کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیں ۔

اگر بابراگلی 2 اننگز میں 192 رنز اسکور کرلیتے ہیں تو وہ اننگز  کے اعتبار سے تیز ترین 4 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ برابر کردیں گے اور میچز کے لحاظ سے 4000 رنز بنانے والے تیز ترین بیٹسمین جائیں گے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ 10 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :