11 جولائی ، 2021
افغانستان کے دوسرے بڑے شہر قندھار میں قائم بھارتی قونصل خانہ بند کر دیا گیا ہے اور عملے کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ نے افغانستان میں شدید لڑائی کے باعث قندھار قونصل خانے کے بھارتی عملے کو واپس بلا لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان کی قندھار کے اطراف پیش قدمی بھی جاری ہے اور مطابق افغان حکومت کو قندھار کے اطراف طالبان کی طرف سے شدید دباؤ کا سامنا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان طالبان نے جمعہ کو قندھار کے اطراف مختلف چیک پوسٹوں پر قبضہ کر لیا تھا، صوبے میں افغان طالبان پہلے ہی بڑے علاقے پر کنٹرول سنبھال چکے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان بھارتی وزارت خارجہ ارندام باغچی کا کہنا ہے کہ عملے کی واپسی حالات کے بہتر ہونے تک ایک وقتی اقدام ہے تاہم قندھار قونصل خانے کا مقامی عملہ کام کرتا رہےگا۔
خیال رہے گزشتہ روز ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ افغانستان میں بھارتی سرمایہ کاری ڈوبتی نظر آ رہی ہے جبکہ طالبان افغانستان کے 85 فیصد حصے پر کنٹرول کا دعویٰ کر چکے ہیں۔
دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں تشدد کے ذمہ دار طالبان ہیں، طالبان سے پوچھا جائے کہ وہ اب کس لیے لڑ رہے ہیں۔