16 جولائی ، 2021
صدر مسلم لیگ ن اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام پر مہنگائی کانیا بم گرایا گیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر قیمتوں میں اضافہ ثبوت ہے حکومت کو نہ غریب نظر آرہے ہیں نہ ہی غربت جبکہ قیمتوں میں اضافہ موجودہ حکومت کی ناکامیوں کی تفصیل ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ بار بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ، آٹے، گھی اور چینی کی قیمت میں اضافے کی مذمت کرتا ہوں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹور پر چینی کی قیمت68 سے 85 روپے ہونا ثبوت ہے ملک میں کوئی حکومت نہیں جبکہ حکومت نے 85 روپے کلو چینی کرکے اپوزیشن کی تمام باتوں کو سچ ثابت کردیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ بجٹ تقریر میں کہا تھا ناں بجٹ 2021 عوام کے ساتھ ایک دھوکا اور فریب ہے، بجٹ پیش کرنے کے بعد سے ہر ہفتے مہنگائی بڑھ رہی ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ عوام سے جینے کا حق چھیننے والی حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں،مہنگائی ظلم ہے جس کا راستہ ہم پوری قوت سے روکیں گے، مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوام کی آواز بنیں گے۔