Time 18 جولائی ، 2021
پاکستان

افغان حکومت کی جانب سے سفیر واپس بلانےکے فیصلے پر پاکستان کا ردعمل سامنے آگیا

افغان حکومت کی جانب سے اپنا سفارتی عملہ واپس بلائے جانے کے فیصلے کو پاکستان نے افسوس ناک قرار دیا ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان حکومت کا اپنے سفیر اور سفارتی عملےکو واپس بلانےکا فیصلہ بدقسمتی  اور افسوس ناک ہے۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ افغان سفیر کی بیٹی کےاسلام آبادمیں مبینہ اغواکی تحقیقات جاری ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر معاملےکی تحقیقات اعلٰی سطح پر ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا ہےکہ افغان سفیر، ان کے خاندان اور دیگر سفارتی عملے کی سیکیورٹی بڑھادی ہے، سیکرٹری خارجہ نے آج افغان سفیر سے ملاقات بھی کی اور افغان سفیر کو معاملے پر حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا، سیکرٹری خارجہ نے افغان سفیرکو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان حکومت سے فیصلے پر نظر ثانی کی امید رکھتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کا معاملہ سامنے آیا تھا،  اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو 48 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

افغان وزارت خارجہ نے بیان میں پاکستان سے سفارتی عملے کو تحفظ دینےکا مطالبہ کیا تھا اور بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی کو اغوا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا تاہم  اب افغان حکومت نے پاکستان میں تعینات اپنے سفیر نجیب اللہ علی خیل سمیت سینیئر سفارتی عملے کو واپس بلالیا ہے۔

ایک تازہ بیان میں افغان وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ  افغان سفارت کاروں کے سیکیورٹی تحفظات دور ہونے تک عملےکوواپس بلایا ہے، افغانستان کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرکے معاملے کا جائزہ لےگا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کو اغوا نہیں کیا گیا بلکہ یہ عالمی سازش اور را کا ایجنڈا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھاکہ افغان سفیر کی بیٹی نے پہلےکہا کہ موبائل فون لے گئے پھر فون دے دیا لیکن ڈیٹا ڈیلیٹ کرکے دیا، سی سی ٹی وی ویڈیو دیکھی ہے جس میں 2 نہیں تین ٹیکسیاں تھیں، لڑکی نے دامن کوہ سے تیسری ٹیکسی لی لیکن گھر نہیں گئی۔

انہوں نے کہا کہ تین سی سی ٹی وی ویڈیو ہیں چوتھی ویڈیو کی تلاش ہے، لڑکی گھر سے پیدل نکلی کھڈا مارکیٹ سے آکر ٹیکسی لی، ویڈیو ہے جس کے مطابق لڑکی کھڈامارکیٹ سے ٹیکسی میں دامن کوہ گئی اور ویڈیوکے مطابق لڑکی دامن کوہ سےراولپنڈی گئی جہاں سے لڑکی نےتیسری ٹیکسی لی۔

ان کا کہنا تھاکہ لڑکی اب مان ہی نہیں رہی کہ راولپنڈی گئی تھی، لڑکی آن لائن ٹیکسی میں نہیں گئی سادی ٹیکسی میں گئی، راولپنڈی گکھڑ پلازا سے آگے کی فوٹیج نہیں مل رہی جبکہ دامن کوہ سے لڑکی نے انٹرنیٹ بھی استعمال کیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھاکہ یہ حساس معاملہ ہے اور بھارت دنیا میں پاکستان کو بدنام کر رہاہے، یہ انٹرنیشنل ریکٹ ہے اور را کا ایجنڈا ہے۔

مزید خبریں :