Geo News
Geo News

Time 18 جولائی ، 2021
پاکستان

بھارتی وزیر خارجہ نے فیٹف میں پاکستان کیخلاف سازش کا اعتراف کرلیا

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) میں  پاکستان کے خلاف سازش کا اعتراف کرلیا۔

فیٹف میں پاکستان کے خلاف بھارتی سازش بے نقاب ہوگئی ہے اوربھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے اس کا اعتراف خود کیا ہے۔

بھارتی اخبار کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے شنکر کا کہنا تھا کہ  پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں رکھنا مودی حکومت نے یقینی بنایا، بھارتی کوششوں کے باعث ہی پاکستان گرے لسٹ میں ہے ۔

جے شنکرکا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے تمام ہمسائیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم کرنےکی کوشش کی ہے تاہم اس بات کو بھی یقینی بنایا ہے کہ دہشت گردی کو ایک عالمی مسئلے کے طور پر دیکھا جائے۔

بھارتی وزیر خارجہ نے اعتراف کیا کہ بھارت کی وجہ سے ہی پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ میں ہے۔

جے شنکر نے دعویٰ کیا کہ ہم پاکستان پر دباؤ ڈالنے میں کامیاب رہے اور اسی وجہ سے پاکستان کے رویے میں تبدیلی آئی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ایف اے ٹی ایف کے مطابق  پاکستان نے 2018 کے ایکشن پلان کے 27 میں سے 26 اہداف حاصل کرلیے ہیں،  پاکستان کو آخری شرط سے منسلک 6 نکات پر عمل کرنا ہوگا۔

بعد ازاں ورچوئل پریس کانفرنس میں ایف اے ٹی ایف کے صدر ڈاکٹر مارکس پلیئرکا کہنا تھاکہ ہم تمام ممالک کو برابر سمجھتے ہیں، پاکستان کو تمام 27 اہداف حاصل کیے بغیر گرے لسٹ سے نہیں نکالا جا سکتا۔

انہوں نےکہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کی قرارداد 1267اور1373 کے تحت نامزد دہشت گردوں پرمالی پابندیوں پر مؤثر عملدرآمد کرے۔

بعد ازاں  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے پر ایف اے ٹی ایف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ دیکھنا ہو گا کہ اس فورم کو سیاسی مقاصد کیلئے تو استعمال نہیں کیا جارہا؟

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیں 27 نکات دیے گئے اور تسلیم کیا جارہا ہےکہ 27 میں سے 26 نکات پر ہم نے مکمل عملدرآمد کر لیا ہے، 27 ویں نکتے پر بھی کافی حد تک پیش رفت ہو چکی ہے اور مزید کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میری نظر میں ایسی صورتحال میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رہنے اور رکھنے کی کوئی گنجائش نہیں بنتی، بعض قوتیں یہ چاہتی ہیں کہ پاکستان کے سر پر تلوار لٹکتی رہے، ہم نے جو بھی اقدامات کیے وہ اپنے مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیے ہیں، ہمارا مفاد کیا ہے؟ ،ہمارا مفاد یہ ہے کہ منی لانڈرنگ نہیں ہونی چاہیے۔