21 جولائی ، 2021
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف اسرائیل اور بھار ت کی ہائبرڈ وار چل رہی ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہماری نظر میں افغان سفیر کی بیٹی کا کیس اغوا کا نہیں ہے، افغان سفیر کی بیٹی کا لاپتہ ہونے کا کیس ہے، ہماری تحقیقات کے مطابق کسی ٹیکسی میں کوئی بندہ نہیں بیٹھا۔
انھوں نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی چند گھنٹےکے لیے لاپتہ ہوئیں اور اس دوران انھوں نے 4 مقامی ٹیکسیاں تبدیل کیں جس کا مطلب ہے کہ یہ امن و امان کا معاملہ نہیں ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ادارے اس کیس کی تحقیقات میں لگے ہوئے ہیں، ایک سفیر کی بیٹی ہماری اپنی بیٹیوں کے برابر ہے، حکومت یہ کیس لڑے گی اور ان کا انتظار کرے گی کہ وہ آکر شناخت کریں۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کے خلاف اسرائیل اور بھار ت کی ہائبرڈ وار چل رہی ہے، کیا جرائم دنیا بھر میں نہیں ہو رہے، ممبئی میں کرائم نہیں ہوتے، بھارتی میڈیا افغان سفیرکی بیٹی کے واقعے پر پروپیگنڈا کر رہا ہے۔
داسو واقعے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ داسو واقعے کی تحقیقات اعلی ترین سطح پر کی جا رہی ہیں، تحقیقاتی ادارے لاہور واقعے کی طرح داسو واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، لاہور کے کیس کو 16 گھنٹے کے اندر پکڑا تھا۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی انتخابی مہم کے دوران مریم نواز مودی کے بجائے عمران خان کے خلاف باتیں کر رہی ہیں، وہ مودی کے خلاف کچھ نہیں بول رہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کشمیر میں بھی غیر پارلیمانی زبان استعمال کر رہی ہیں، میں نے مریم نواز کے خلاف کبھی غیرشائستہ زبان استعمال نہیں کی۔