22 جولائی ، 2021
معروف اداکارہ صنم سعید نے مردوں میں پائی جانے والی خصوصیات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لُکس زیادہ متاثر نہیں کرتے لیکن مرد کا صاف ستھرا ہونا ضروری ہے۔
صنم حال ہی میں ہدایتکار و اداکار محب مرزا کے ہمراہ نجی ٹی وی پر نشر کیے جانیوالے خصوصی پروگرام میں جلوہ گر ہوئیں جہاں انہوں نے مردوں میں پائی جانے والی خوبیوں کے بارے میں بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ مرد کو دِل کا اچھا ہونے کے ساتھ لمبا ہونا چاہیے اور تمیز اور عزت کے ساتھ پیش آنا چاہیے، انسان دِکھنے میں کیسا ہے، اس سے زیادہ فرق نہیں پڑتا لیکن اس میں صفائی نظر آنی چاہیے۔
صنم سعید نے اپنی بات کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرد کے بالوں میں خشکی نہ ہو اور مونچھیں صحیح سے بنی ہونی چاہئیں، ایسا نہ ہو کہ کانوں سے بال نکل رہے ہوں، مرد کے کپڑے، ہاتھ پاؤں اور دانت صاف ہونے چاہئیں۔
خیال رہے کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر اداکارہ صنم سعید کی محب مرزا کے ہمراہ شادی کی افواہیں گردش کررہی تھیں جن کی تاحال دونوں کی جانب سے تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔