22 جولائی ، 2021
اسلام آباد کے علاقے کوہسار میں گزشتہ دنوں قتل ہونے والی 28 سالہ نور مقدم کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم ظاہر جعفر کا برطانیہ میں بھی کرمنل ریکارڈ موجود ہے اور ملزم کےکرمنل ریکارڈ کی چھان بین کی جارہی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ موقع سے خون آلود چاقو، آہنی کلپ، پستول، 100 سے زیادہ راؤنڈ اور شراب کی بوتل بھی برآمد ہوئی۔
ذرائع کے مطابق چاقو پر لگے خون اور مقتولہ کے خون کا سیمپل میچنگ کیلئے لیب بھجوا دیا گیا جبکہ ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھی مقتولہ اور ملزم کے سیمپل بھجوادیے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے مقتولہ اور ملزم کے والدین کے بیانات بھی ریکارڈ کرلیے، پولیس نے ملزم کے گھر کے 2 سیکیورٹی گارڈز کے بیانات بھی قلمبند کرلیے۔
خیال رہے کہ عید سے ایک روز قبل تھانہ کوہسار کے علاقے ایف سیون فور میں 28 سالہ لڑکی نور مقدم کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔