25 جولائی ، 2021
بالی وڈ کے نامور ہدایتکار کرن جوہر اب معروف بھارتی رئیلٹی شو بِگ باس کے آنے والے سیزن کی میزبانی کریں گے۔
کرن جوہر بگ باس کے نئے سیزن کی ڈیجیٹل قسطوں کی میزبانی کریں گے۔
بھارتی اسٹریمنگ پلیٹ فارم ووٹ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کرن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اطلاع دی کہ ہدایتکار کرن جوہر بطور میزبان بگ باس او ٹی ٹی کا حصہ ہوں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرن جوہر صرف ووٹ پر نشر کی جانے والی چند اقساط کی میزبانی کریں گے۔
بعدازاں پروگرام کے میزبان سلمان خان ہی ٹیلی ویژن پر نئے سیزن کی میزبانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
دوسری جانب کرن جوہر نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری والدہ کا خواب سچ ہوگیا، میں اور والدہ بگ باس کے بہت بڑے مداح ہیں اور اس کی ایک قسط دیکھنا نہیں بھولتے، بگ باس مجھے ڈرامے کی صورت میں تفریح فراہم کرتا ہے۔
واضح رہے کہ بگ باس او ٹی ٹی 8 اگست سے ناظرین کے لیے بھارتی اسٹریمنگ پلیٹ فارم ووٹ پر پیش کیا جائے گا۔