Time 26 جولائی ، 2021
انٹرٹینمنٹ

'بیٹے کو ایسا مرد بناؤں گی جس کے ساتھ عورت خود کو محفوظ سمجھے گی'

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ یاسرہ رضوی نے حال ہی میں خواتین پر ہونے والے مظالم اور گھریلو تشدد کے سنگین واقعات کے تناظر میں بیٹے کی تربیت سے متعلق بات کی۔

یاسرہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بیٹے کی تصویر شیئر کی جس پر طویل کیپشن درج تھا۔

اداکارہ نے لکھا کہ میں عہد کرتی ہوں کہ بیٹے کی ایسی تربیت کروں گی کہ وہ مہربان، دوسروں کا احساس کرنیوالا، انصاف پسند، عزت کرنے والا اور ہمدرد ہوگا۔ اسے ایک ایسا مرد بناؤں گی جس کے ساتھ خواتین، بچے، ٹرانسجینڈرز، دوسرے مرد، جانور اور ہر جاندار خود کو محفوظ سمجھے گا۔

اداکارہ نے کہا کہ ایسا نہیں ہوگا کہ اگر یہ مرد ہے تو اس کے پاس دوسروں کو ہراساں کرنے کا لائسنس ہوگا، اس کے اندر یہ احساس پیدا کروں گی کہ انسان کی جان کس قدر قیمتی ہے۔

یاسرہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں اسے سکھاؤں گی کہ مرد ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ آپ کچھ بھی کرسکتے ہیں بلکہ یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے، کسی کی رضامندی کے بغیر اسے ہاتھ لگانا یا اس سے بات کرنا صحیح نہیں ہے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر لکھا کہ معاشرے کو محفوظ بنانے کیلئے اب یہ اہم ہے کہ مجھ سمیت ہر ماں اپنے بیٹوں کی پرورش پر محتاظ انداز میں زیادہ توجہ دے اور ان کی درست انداز میں نگرانی کرے۔

یاسرہ کی پوسٹ پر شوبز کی کئی شخصیات نے اپنے تبصرے پیش کرتے ہوئے ان کی سوچ کو سراہا اور تمام ماؤں کو یاسرہ کے نقشِ قدم پر چلنے کا مشورہ بھی دیا۔

مزید خبریں :