27 جولائی ، 2021
لاہور: وزیر جیل خانہ جات فیاض چوہان نے خدیجہ صدیقی کیس کے مجرم شاہ حسین کو سزا میں ملنے والی رعایت کی تفصیل بتادی۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض چوہان نے کہا کہ شاہ حسین کو سزا میں صدر، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی جانب سےکوئی معافی نہیں ملی جب کہ آئی جی جیل اور سپرنٹنڈنٹ جیل کی جانب سے بھی سزا میں کوئی معافی نہیں دی گئی۔
فیاض چوہان نے کہا کہ جیل رولزکے مطابق شاہ حسین کو 5 سال کے دوران سزا میں 17 ماہ 23 دن کی چھوٹ ملی۔
وزیر جیل خانہ جات نے بتایاکہ شاہ حسین کو قید کے دوران مختلف مشقت کرنے پر سزا میں 8 ماہ 8 دن معافی ملی، اچھے چال چلن پر سزا میں ایک ماہ اور خون دینے پر ایک ماہ کی معافی ملی جب کہ جیل میں 2019 میں بی اے کرنے پر سزا میں 4 ماہ 15 دن کی معافی دی گئی۔
فیاض چوہان کے مطابق شاہ حسین کو 2020 میں قرآن پاک ترجمے کے ساتھ ختم کرنے پر سزا میں 3 ماہ کی چھوٹ ملی۔