Time 28 جولائی ، 2021
انٹرٹینمنٹ

مردوں سے متعلق بیان، میشا شفیع کا صبا قمر سے اختلاف

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

گلوکارہ میشا شفیع نے صبا قمر کے مردوں سے کیے گئے مطالبے سے اختلاف کرتے ہوئے لوگوں کو مسئلے کی سنگینی سمجھنے کا مشورہ دیا ہے۔

میشا شفیع نے انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ ہراساں کرنے والے مرد حضرات کو شرمندہ کرنے کے بجائے معاملے کی سنگینی کو سمجھنا ضروری ہے۔

گلوکارہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہراسانی میں ملوث افراد کے ہمراہ پارٹی کرنا، ان کی حمایت کرنا، ان کے ساتھ غیر سنجیدہ انسٹا لائیو کرنا اور  پھر یہ کہنا کہ اپنے سرکل میں موجود سفاک مردوں کی نشاندہی کریں، یہ سراسر منافقت ہے۔

میشا شفیع نے اپنی دوسری اسٹوری میں کہا کہ آپ شاید ہونے والے واقعے کو فراموش کر دیں لیکن جس کے ساتھ یہ سب ہوا ہوتا ہے وہ زندگی بھر کے لیے اس صدمے سے دوچار رہتا ہے۔

اسکرین شاٹ/میشا شفیع انسٹاگرام
اسکرین شاٹ/میشا شفیع انسٹاگرام

اسٹوری میں گلوکارہ نے کہا کہ جنسی طور پر ہراساں کرنے والے افراد سے متعلق بات کرنے سے پہلے ہمیں اپنے اعمال پر نظرِ ثانی کرنی ہوگی کہ ہم انہیں کس طرح تحفظ فراہم کرتے ہیں، ہمیں متاثرین کی جدوجہد کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے۔

خیال رہے صبا قمر نے انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے مردوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنے دوستوں میں موجود ایسے افراد کی نشاندہی کریں جو خواتین پر تشدد یا جنسی ہراسانی میں ملوث رہے ہوں یا ویسی ذہنیت کے مالک ہوں۔

مزید خبریں :