28 جولائی ، 2021
پاکستانی اداکار گوہر رشید نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں زندگی میں سب سے اچھے مشورے والدہ اور ان کے ارد گرد موجود خواتین کی جانب سے دیے گئے۔
حال ہی میں اداکار نے ساتھی اداکارہ کبریٰ خان کے ہمراہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے خواتین سے کام کی باتیں شیئر کرنے پر اپنے نظریات بتائے۔
گوہر رشید نے خواتین سے متعلق معاشرے میں پائے جانے والے تصور کو غلط اور جاہلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں انتہائی غلط تاثر ہے کہ مرد کام کی باتیں گھر پر موجود خواتین سے نہیں کرتے، لوگ سمجھتے ہیں کہ ان کو نہیں سمجھ ہوگی اس بات کی، ہمارے کام سے متعلق انہیں کیا پتہ۔
گوہر نےکہا کہ یہ تصور انتہائی غلط ہے، مجھے آج تک میری زندگی میں خوبصورت اور سب سے اچھے مشورے اگر کسی نے دیے ہیں تو وہ میری ماں ہیں یا میرے ارد گرد موجود خواتین جن میں دوستیں اور بہن شامل ہیں۔
اداکار نے اپنی والدہ سے متعلق کہا کہ میں ان سے بہت قریب ہوں، وہ جس بات کے لیے منع کر دیں وہ میرے لیے حرفِ آخر ہوتا ہے۔