30 جولائی ، 2021
کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے حکام کا کہنا ہے کہ ایران سے مکران کے لیے 80 سے 100 میگاواٹ بجلی فراہمی شروع ہو گئی ہے۔
کیسکو کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک ایران سے مکران کے علاقوں کو بجلی فراہم کرنے والی 132کے وی جیکی گور۔مند ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی شروع ہو گئی ہے اور اس سلسلے میں آج جمعرا ت کے روز 80 میگاواٹ سے 100میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے بعد صورتحال معمول پر آنا شروع ہو جائے گی۔
کیسکو ترجمان نے اُمید ظاہر کی کہ مکران ڈویژن میں بہت جلد بجلی مکمل طور پر بحال ہو جائے گی جس کے بعد صورتحال معمول پر آجائے گی۔
خیال رہے کہ دو روز قبل ضلع کیچ بجلی کی فراہمی کے خلاف مظاہرین نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر مکران کے آفس پر دھاوا بول دیا تھا اور بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے وزیراعظم عمران خان کو ایران سے بجلی کی فراہمی بحال کرنے اور مکران کو نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کے حوالے سے ایک خط بھی لکھا تھا۔