پاکستان
Time 31 جولائی ، 2021

کراچی: ایکسپو سینٹر میں ویکسینیشن کیلیے آئے شہریوں کا احتجاج، دھکم پیل میں گارڈ زخمی

ایکسپو سینٹرکراچی میں ویکسینیشن کے لیے عوام کا رش برقرار ہے، احتجاج اور دھکم پیل کے باعث شیشے ٹوٹ گئے اور ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہےکہ ایکسپو سینٹرکے ہال نمبر3 میں ویکسینیٹرز نے 2 گھنٹے کے لیےکام چھوڑ دیا تھا،  ویکسینیٹرز کو تنخواہ نہیں ملی تھی جس پر انہوں نے کام بند کیا تھا۔

پولیس کے مطابق  ہال نمبر4 میں کارٹیجز ختم ہوگئے تھے جس کے باعث وہاں بھی ویکسینیشن رک گئی تھی، ویکسینیشن کا عمل کئی گھنٹے بند رہا جس پر شہری مشتعل ہوگئے تھے تاہم اب ایکسپو سینٹر میں ویکسینیشن کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔

خیال رہےکہ سندھ حکومت کی جانب سے ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سِم بلاک کرنے کی تجویز پر کراچی کے ویکسین مراکز پر شہریوں کا رش لگ گیا ہے اور صبح سویرے سے لےکر رات گئے تک ان مراکز پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود رہتی ہے۔

مزید خبریں :