01 اگست ، 2021
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال اگلے 6 ماہ میں تبدیل ہوجائے گی۔
اشرف غنی نےکابینہ کے پہلے ڈیجیٹل اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ طالبان افغان امن عمل سے متعلق جھوٹ بول رہے ہیں اور وہ افغانستان میں سیکیورٹی کی صورتحال تبدیل نہ ہونے تک امن عمل میں شامل نہیں ہوں گے۔
اشرف غنی کا کہنا تھاکہ افغانستان میں سیکیورٹی کی صورتحال اگلے چھ ماہ میں تبدیل ہوجائے گی اور افغان شہروں کی سلامتی ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ طالبان تبدیل نہیں ہوئے، وہ امن نہیں چاہتے یا تو ملک کی ترقی نہیں چاہتے اورطالبان نے باغی گروپوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی۔
افغان صدر نے کہا کہ طالبان ہمارے لیے ماضی جیسا مستقبل بنانا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا انٹرویو میں کہنا تھاکہ افغان صدراشرف غنی کا اقتدار میں رہنا طالبان کے سرینڈر کرنے میں رکاوٹ ہے، امن معاہدے کیلئے نئی حکومت کا قیام اورافغان صدرکا عہدہ چھوڑنا ضروری ہے۔