02 اگست ، 2021
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نےکہا ہےکہ نور مقدم قتل کیس کے ملزم ظاہر جعفرکو پولیس مقابلے میں تو نہیں مرواسکتے، امید ہے ملزم کو سزائے موت ہوگی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران نورمقدم قتل کیس کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس کیس میں پیچھےکسی کو نہیں چھوڑا، سب کو پکڑ لیا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نور مقدم کیس میں تمام شواہد جمع کیے، فارنزک بھی کرایا ہے، ملزم کو پولیس مقابلے میں تو مروانہیں سکتا کیونکہ اتنا بڑا سوشل میڈیا ہے، اسلام آباد میں اتنی زیادہ ایکٹو لیڈیز ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملزم کے باپ اور ڈرائیور کو بھی اندرکیا ہے،جن سے ملزم کی بات ہوئی انہیں بھی اندر کیا ہے، پیچھےکسی کو نہیں چھوڑا،فیصلہ عدالت کا ہے ،شہادتیں پوری ہیں، مجھے پوری امید ہےکہ ملزم کوسزائےموت ہوگی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد میں ملزم ظاہر جعفر نے سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم کو اپنے گھر میں سفاکی سے قتل کردیا تھا۔