03 اگست ، 2021
بھارتی گلوکار ہنی سنگھ کے خلاف ان کی اہلیہ شالینی تلوار نے جنسی و گھریلو تشدد سمیت متعدد الزامات عائد کیے ہیں اور ان پر مقدمہ بھی کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق شالینی تلوار نے اپنے شوہر ہنی سنگھ پر گھریلو تشدد سمیت جنسی تشدد، ذہنی ہراسانی اور مالی تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے ان پر مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
شالینی نے خواتین کو گھریلو تشدد سے بچانے کے قانون کے تحت نئی دہلی کے علاقے تیس ہزاری کی عدالت میں ایک درخواست بھی جمع کرائی ہے اور مبینہ طور پر یہ درخواست چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ تانیا سنگھ کی عدالت میں جمع کرائی گئی ہے۔
عدالت نے ہنی سنگھ کو 28 اگست تک اپنا جواب جمع کرانے کیلئے نوٹس جاری کر دیا ہے۔ ساتھ ہی عدالت نے درخواست گزار کے حق میں عبوری حکم جاری کرتے ہوئے گلوکار کو اپنی مشترکہ ملکیتی جائیدادیں فروخت کرنے سے روک دیا ہے۔
خیال رہے کہ ہنی سنگھ نے اپنی اہلیہ شالینی تلوار کو پہلی بار ایک بھارتی ٹی وی شو میں متعارف کرایا تھا، شالینی نے اپنے شوہر کے ہمراہ کئی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں کے درمیان معاملات بہتر نہیں ہیں۔