بلاول کا مندر میں توڑپھوڑ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

انتظامیہ افسوس ناک سانحےکے ذمہ داران کو کٹہرے میں لاکر انہیں عبرت کا نشان بنائے،بلاول،فوٹو: فائل
انتظامیہ افسوس ناک سانحےکے ذمہ داران کو کٹہرے میں لاکر انہیں عبرت کا نشان بنائے،بلاول،فوٹو: فائل

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے رحیم یار خان میں مندر میں توڑ پھوڑ کے واقعےکی مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مذہبی رواداری ہمارے خطے کی روایتوں کا حصہ ہے،عدم برداشت کے مظاہرے ہماری تہذیب کے منافی ہیں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ انتہاپسندوں نے مندر کو نقصان پہنچا کر قومی پرچم میں اقلیتوں کی نمائندگی کرتے سفید حصے کی بھی توہین کی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہےکہ انتظامیہ دل دہلا دینے والے اس افسوس ناک سانحےکے ذمہ داران کو کٹہرے میں لاکر انہیں عبرت کا نشان بنائے۔

واقعہ کیا ہے؟

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر رحیم یار خان میں واقع مندر پر حملے کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، رپورٹس کے مطابق مندر پر حملے کا واقعہ رحیم یار خان کے گاؤں بھونگ میں پیش آیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہےکہ لاٹھیوں سے مسلح افراد مندر میں توڑ پھوڑ کر رہے ہیں اور نعرے بھی لگا رہے ہیں۔

ممبر قومی اسمبلی رمیش کمار نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئےکہا کہ دو درجن سے زائد افراد نے سدھی ونایک مندر پر ہلہ بولا۔

اس معاملے پر پیپلز پارٹی اور اقلیتی ارکان نےقومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس بھی جمع کرایا ہے۔

 چیف جسٹس اور وزیراعظم کا نوٹس

مندر میں توڑ پھوڑ کے معاملےکا چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب کو واقعےکے حوالے سے رپورٹ کے ہمراہ طلب کرلیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم آفس نے اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ متعلقہ واقعے کی تحقیقات کی جائے اور اس میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

مزید خبریں :