Time 11 اگست ، 2021
کھیل

’سیاست اور کھیل دو الگ چیزیں ہیں، کے پی ایل کا بھی یہی پیغام ہے‘

کے پی ایل کی وجہ سے کشمیر میں کھیلوں کو فروغ ملے گا: جہانگیر خان۔ فوٹو: جیو نیوز
کے پی ایل کی وجہ سے کشمیر میں کھیلوں کو فروغ ملے گا: جہانگیر خان۔ فوٹو: جیو نیوز

پاکستان کے لیجنڈ اسکواش پلیئر اور کشمیر پریمیئر لیگ کی ٹیم مظفرآباد ٹائیگرز کے برانڈ ایمبیسیڈر جہانگیر خان کا کہنا ہے کہ کھیل محبت دوستی اور امن کا پیغام دیتے ہیں، کھیل اور سیاست الگ الگ چیزیں ہیں اور یہی دنیا کو کشمیر پریمیئر لیگ کا پیغام ہے۔

اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے پی ایل میں مظفر آباد ٹائیگرز کا برانڈ ایمبیسیڈر بننے پر خوش ہوں، کے پی ایل کی وجہ سے کشمیر میں کھیلوں کو فروغ ملے گا۔

جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ کھیل محبت، دوستی اور امن کا پیغام دیتے ہیں اور میرا بھی ہمیشہ یہی پیغام ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ملک میں کھیلوں کے اپنے فینز ہوتے ہیں، میرے فینز بھارت میں بھی ہیں اور ان کے لوگ کسی اور ملک کے کھلاڑی کے فین ہوں گے، اسے اسی نظر سے دیکھنا چاہیے۔

سابق عالمی چیمپئن کا کہنا تھا کہ ہمیں کھیل کو پروموٹ کرنا ہے، حریف صرف گراؤنڈ میں ہوتے ہیں، باہر سب دوست ہوتے ہیں، یہی چیز کھیل ہمیں سکھاتے ہیں، ہمیں یہ پیغام دینا ہے کہ کھیل اور سیاست الگ الگ ہیں۔

جہانگیر خان نے کہا کہ کشمیر میں کرکٹ کی سرگرمیاں تو ابھی شروعات ہیں، مزید کام کرنا ہے اور کام کرتے رہنا ہے، کے پی ایل پہلا پلیٹ فارم ہے۔

برانڈ ایمبیسیڈر مظفرآباد ٹائیگرز نے کہا کہ کشمیر میں بہت ٹیلنٹ ہے، کرکٹ، ایتھلیٹکس، ہاکی، اسکواش اور فٹبال میں ٹیلنٹ ہے، ہمیں اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور اس کے لیے ٹیلنٹ کو سہولیات دینا ہوں گی۔

مزید خبریں :