02 اگست ، 2021
جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز کے بعد سابق انگلش کرکٹر مونٹی پنیسر بھی بھارت کا مکرو چہرہ سامنے لے آئے۔
مونٹی پنیسر کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی نے تمام کرکٹ بورڈز کو کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں کھلاڑیوں کو نا بھیجنے کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انگلش بورڈ نے مجھے بتایا ہے کہ کے پی ایل کھیلنے کی صورت میں بھارتی ویزہ نہیں ملے گا، کے پی ایل کا حصہ بننے کی صورت میں بھارت میں کسی کرکٹ ایونٹ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔
سابق انگلش اسپنر نے کہا کہ بھارتی دھمکی کی وجہ سے کمنٹری اور براڈ کاسٹنگ کے کیرئیر میں مشکلات دیکھ رہا ہوں، بھارتی بورڈ کی جانب سے روکے جانے پر کے پی ایل کھیلنا میرے لیے مشکل ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے دھمکی دی ہے کہ اگر کے پی ایل کھیلی تو بھارت کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند ہو جائیں گے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کی دھمکیوں کے باوجود سابق سری لنکن کرکٹر تلکارتنے دلشان نے کے پی ایل کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔